اسلام آباد (پاک صحافت) ملک میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، مہلک وائرس کے باعث ایک ہی دن میں 43 افراد دم توڑ گئے، جس کے بعد ملک میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار 821 تک جا پہنچی ہے۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 43362 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4323 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد مجموعی کیسز 6 لاکھ 92231 تک جا پہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 61450 ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.9 فیصد رہی۔ سرکاری پورٹل کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2902 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 615960 ہوگئی ہے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 61552 ہے اور اب تک 583 مریض انتقال کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 266618 ہوگئی ہے جب کہ 4509 افراد اب تک انتقال کر چکے ہیں۔ جبکہ پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 233348 جا پہنچی ہے اور 6587 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جا چکے ہیں، جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19785 اور ہلاکتیں 211 ہوچکی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 92423 اور 2457 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 13446 افراد وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں اور 371 افراد انتقال کر گئے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 5059 اور 103 افراد انتقال کر چکے ہیں۔