کراچی (پاک صحافت) وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ متاثرین کو گھر جیسی تمام سہولتیں فراہم نہیں کی جا سکتیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ کمشنر نے متاثرین کو ممکنہ حد تک سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والوں کو اسکولوں اور سرکاری عمارات میں ٹہرایا گیا ہے۔شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت سیلاب متاثرین کو 21 لاکھ گھر بنا کر دے رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ نے کہا ہے طوفان سے متاثر ساحلی علاقوں کے لوگوں کو گھر بنا کر دیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہر دوسرے تیسرے مہینے کراچی کے لیے بسوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سمندری طوفان بپرجوائے کراچی کے جنوب میں 360 کلو میٹر جبکہ ٹھٹھہ کے جنوب مغرب میں 355 کلو میٹر دور ہے۔ یہ طوفان کل (15 جون کی) دوپہر یا شام پاکستان میں کیٹی بندر کے اطراف اور بھارتی گجرات کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے۔