لاہور (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ عمران صاحب اپنی کرپشن چھپانے کے لیے اپنے منصب کا غیرقانونی استعمال کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ 250 ارب کا آٹا چوری کا حکم عمران خان دے، استعفیٰ اور انکوائری کمیشن کا تماشہ ہو۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام عمران صاحب اور بزدار کی گرفتاری کے منتظر ہیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ 400 ارب چینی چوری کا حکم عمران خان دے، استعفیٰ اور انکوائری کمیشن کا تماشہ کیا جائے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران صاحب کی گرفتاری کے بغیر رنگ روڈ منصوبے کی انکوائری مکمل نہیں ہوسکتی۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی ترجمان نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا کہ عمران صاحب اور عثمان بزدار کو گرفتار کرکے روز کی بنیاد پر پیشی ہو اور فیصلہ سنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب جواب دیں کہ رنگ روڈ منصوبے پر عملدرآمد کیلئے وزیراعلی کوڈائریکٹوکیوں جاری کیا؟ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب وزیراعظم کرسی پر جب تک بیٹھے ہیں، ٹیمپرنگ آف ریکارڈ ہوتی رہے گی۔