لاہور (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران حکومت مافیاز کو تحفظ اور سرپرستی دینے والی چھتری بن چکی ہے۔ پاکستان غلط سمت میں جارہا ہے، وزیراعظم اور ان کے وزراء سمجھتے ہیں کہ پاکستان درست سمت میں جارہا ہے، لگتا ہے یہ لوگ مریخ یا چاند پر رہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت جماعت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ حکمران جھوٹے اعداد و شمار سے اپنی نالائقی اور نااہلی چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہیں عوامی مشکلات پتا ہی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کو صرف ایک آنکھ سے نظر آتا ہے، اپوزیشن نظر آتی ہے، حکومت نہیں۔
واضح رہے کہ ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے مزید کہاکہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ 2 سالوں میں عمران نیازی کا ٹیکس سوا لاکھ سے ایک کروڑ تک کیسے چلا گیا، وزیر اعظم بننے کے بعد عمران خان کا آمدن میں اضافہ کیسے ہوا؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسٹیٹ بینک کے قانون کو حکومت نے بلڈوز کیا ہے، جس کا مقصد پاکستان کی معیشت کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیلنا ہے۔