ڈیرہ غازیخان (پاک صحافت) لادی گینگ کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا ڈی جی خان کے کچے کے علاقے میں آپریشن گزشتہ کئی روز سے جاری ہے۔ اس دوران دہشت گرد گینگ کے متعدد ٹھکانے تباہ کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو لادی گینگ کے خلاف آپریشن میں ایک اور بڑی کامیابی مل گئی ہے۔ بارڈر ملٹری پولیس نے لادی گینگ کے اہم رکن کو گرفتار کرلیا ہے۔ جس کا نام دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور اغواء کے مقدمات میں بھی شامل ہے۔
کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس حمزہ سالک نے دعویٰ کیا ہے کہ لادی گینگ کے خلاف جاری آپریشن میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سمینٹ فیکٹری کے علاقے میں کاروائی کرتے ہوئے لادی گینگ کے اہم رکن اسماعیل جیانی کو گرفتار کرلیا ہے۔ حمزہ سالک کے مطابق ملزم اسماعیل جیانی نے گینگ ممبر کے ہاتھ، ناک اور کان کاٹنے کی سفاکانہ واردات کی ویڈیو بنائی تھی۔