بلوچستان (پاک صحافت) بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال نےمچھ کوئلہ فیلڈ دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کا وعدہ دیتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے اور متعلقہ حکام سے واقعےکی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
جام کمال نے فائرنگ میں ملوث عناصرکی فوری گرفتاری کیلئے تمام وسائل استعمال کرنےکی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے زخمی کان کنوں کو علاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔
مزید پڑھیں: کان کنوں کا قتل دہشت گردی کا بزدلانہ اقدام ہے: وزیر اعظم
واقعے پر وزیرداخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملزمان کی گرفتاری میں کوئی کسرنہ چھوڑی جائے۔واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں نامعلوم دہشت گردوں نے کان کنوں کو پہاڑوں پر لے جا کر ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 11 کان کن جاں بحق ہو گئے۔ کوئلہ فیلڈ میں فائرنگ سے زخمی کان کنوں کی تعداد 4 ہے، پولیس کے مطابق زخمی کان کنوں کی حالت تشویش ناک ہے، جنہیں مچھ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرِاطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ مچھ کا دلخراش واقعہ انتہائی قابلِ مذمت اور افسوسناک ہے۔یہ بات وفاقی وزیرِاطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے اپنے ایک بیان میں کہی ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ بیرونی دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کے درپے ہے جو مسلسل وار کر رہا ہے۔
شبلی فراز کا مزید کہنا ہے کہ ایسے حالات میں عوام کے مسترد کردہ سیاسی عناصر بیرونی حملہ آوروں کا آلۂ کار بن کر افراتفری اور انتشار پھیلا رہے ہیں۔وفاقی وزیرِاطلاعات و نشریات نے یہ بھی کہا کہ ان شاء اللّٰہ ملک دشمن عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں ناکامی ہو گی۔