لاہور (پاک صحافت) منصورہ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے مختلف حربے استعمال کرتا رہا ہے۔انڈیا، اسرائیل اور امریکہ کیساتھ مل کر پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، دشمن قوتیں پاکستان میں بدامنی کی فضا قائم کرنا چاہتی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی جاوید قصوری نے بلوچستان میں ہونیوالی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم دہشتگردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکے گی، بزدلانہ کارروائیوں کیخلاف قوم متحد ہے، 2020 ملک میں دہشتگردی کے 146 واقعات ہوئے جن میں 503 افراد شہید ہوئے۔
مزید پڑھیں: بھارت، پاکستان کے اندر دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے: شاہ محمود قریشی
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعات میں 851 افراد زخمی ہوئے، 146 حملوں میں سے 95 مذہبی، 44 لسانی اور 7 حملے فرقہ ورانہ بنیادوں پر کئے گئے۔ پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی کے پیچھے بھارت براہ راست ملوث ہے، اس بات کے ثبوت اب عالمی میڈیا میں بھی آ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ان کا اصل ہدف ہے، دشمن قوتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان میں امن قائم ہو اور وہ اقتصادی لحاظ سے مضبوط بنے، یہی وجہ ہے کہ اول دن سے بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے مختلف حربے استعمال کرتا رہا ہے۔
محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ بلوچستان میں ہونیوالی دہشتگردی کے اصل مجرمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، معصوم جانوں سے کھیلنے والے انسانیت اور سی پیک دونوں کے دشمن ہیں، انڈیا مسلسل دہشتگردوں کی پشت پناہی کرکے پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ اس کو منہ توڑ جواب دیا جائے، بھارت نے اپنی تمام حدود کو عبور کر لیا ہے۔