پشاور (پاک صحافت) خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں دوستی نہ کرنے پر 16 سالہ لڑکے کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے لڑکے کے قاتل کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ خیال رہے کہ مقتول نوجوان محنت کش چنگچی ڈرائیور تھا جو اپنے گھر کا خرچ چلانے کے لئے محنت مزدوری کرتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق مقتول گل رحمان چار روز قبل گھر سے اچانک لاپتہ ہو گیا تھا ، اہل خانہ کی جانب سے اس کے لاپتہ ہونے کی ایف آئی ار تھانہ شاہ پور میں درج کی گئی، تاہم گزشتہ شب نوجوان کی لاش گھر کے قریب کھیتوں سے برآمد ہوگئی جس پر پولیس حرکت میں آگئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے مقتول کے قریبی رشتہ دار ملزم شیر اکبر کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی۔
واضح رہے کہ دوران تفتیش ملزم نے اس بات کا اعتراف کر لیا کہ 16 سالہ نوجوان اس سے دوستی نہیں کر رہا تھا جس کی وجہ سے لڑکے کو قتل کر دیا۔ ایس پی رورل سجاد خان کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں گرفتار ملزم نے بچے کیساتھ دوستی نہ کرنے پر قتل کر کے لاش کھیتوں میں پھینکنے کا انکشاف کیا ہے۔ یاد رہے کہ مقتول گل رحمان چنگچی چلا کر گھر والوں کا پیٹ پالتا تھا۔