اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر ا طلاعات شبلی فراز نے اپوزیشن جماعتوں کی تحریک (پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ) پر تنقید کرتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم تحریک نہیں رہی ، اب اس کی جان نکل چکی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے پاس صرف مایوسی اور ناکامی باقی رہ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شبلی فراز نے اپنے بیان میں کہا کہ منتخب حکومت گرانے کی خواہش رکھنے والے خود عوام کی نظروں سے گر چکے۔ شبلی فراز کہتے ہیں کہ لیگی رہنما بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، وہ جھوٹ بول کرعوام کو گمراہ نہیں کرسکتے، براڈ شیٹ معاملے نے این آراو کی سیاست کو آشکار کیا، اپوزیشن کے لیے براڈ شیٹ پاناما ٹو ثابت ہوا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پختہ عزم اور ثابت قدمی عمران خان کی پہچان ہے، جب عمران خان غریبوں کے لئے کینسر ہسپتال اور یونیورسٹیاں بنارہے تھے، اس وقت نواز شریف اور آصف زرداری غریبوں کو لوٹ کر ایون فیلڈ اور سرے میں محل تعمیر کر رہے تھے، قوم کا مال لوٹنے والے قومی مجرموں کو حساب دینا ہوگا۔