انتقام کی ہوس میں نیب اندھا ہو چکا ہے، شاہد خاقان عباسی

سابق وزیر اعظم

اسلام آباد (پاک صحافت) سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ انتقام کی ہوس میں نیب اتنا اندھا ہو چکا ہے کہ اسے عدالتی فیصلے بھی نظر نہیں آتے، انہوں نے نیب پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے ہفتے نیب سے متعلق ہائیکورٹ کا آرڈر آیا ہے وہ فیصلہ نیب پڑھ لے، نیب صرف پولیٹیکل انجینئرنگ کا ادارہ ہے ، براڈ شیٹ کا جو معاملہ سامنے آیا ہے آج اگر ملک میں قانون ہو تو اس نیب جیسے ادارے کو بند کر دینا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق  احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، بیٹے عبد اللہ خاقان سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ ذرائع کے مطابق پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نیب کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔  ان کا   کہنا تھا کہ نیب کے ادارے کو بند کر کے اس ملک کو مصیبت سے نجات دلانی چاہیے، نیب کو میاں نواز شریف کے ایک روپے کے اکاؤنٹس نہیں مل سکے، یہ نظام نہیں چل سکتا جہاں پر شرم حیا ختم ہو جائے، جب حکومت ججوں کو بلیک میل کرے اور وزیر جا کر کمپنیوں سے حصہ مانگیں۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نے مزید کہا کہ ہ برطانیہ میں پاکستانی سفارت خانے کے اکاؤنٹس میں 30 ملین ڈالر ہونا بھی ایک سوالیہ نشان ہے، آج فوج اور آئی ایس آئی کو بدنام کیا جا رہا ہے یہ اس حکومت کی حقیقت ہے، ان سے پوچھنے والا کوئی نہیں، لیکن یہ ایک دن انہی کٹہروں میں کھڑے ہونگے۔  ان کا کہنا ہے کہ  ساڑھے چھ سال سے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں ہو رہا، جب تک پارٹی فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں آتا احتجاج جاری رہے گا، پیسے آئے اور عمران خان اور پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس میں آئے تھے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں