لاہور (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اب غیر آئینی طاقتوں کے داغ دار چہروں کو بے نقاب کرنا ہوگا، ان کا کہنا ہے کہ جب بھی جمہوری حکومتیں ملک کو ترقی کی طرف لے جاتی ہیں تو ان کوناکام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘ہمارے ملک میں کیا ہوتا ہے، یہاں آئین اور قانون کی بار بار دھجیاں اڑائی جاتی ہیں اور عوام کے ساتھ مذاق کیا جاتا ہے، ووٹ چوری ہوتا ہے، الیکشن مسلم لیگ (ن) جیتتی ہے لیکن آر ٹی ایس بند کرکے، رات کے اندھیرے میں بکسے بدل کر ایک سلیکٹڈ کو بیٹھا دیا جاتا ہے، کئی دن نتائج نہیں آتے اور اعلان کسی اور کا کیا جاتا ہے’۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی یوتھ ونگ کے کنونشن سے ورچوئل خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کا ہر کارکن تحسین کے قابل ہے کیونکہ آپ وہ لوگ ہیں جو پاکستان کو مشکل ترین وقت سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور پاکستان ضرور منزل حاصل کرے گا۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ‘نوجوان پاکستان میں نئی سیاست کےمعمار بنیں گے اور اس وقت ہم تاریخ ساز جدوجہد سے گزر رہے ہیں، پاکستان ایک ٹھوس نظریے کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا، 73 سال گزرنے کے باوجود ملک آج بھی قائداعظم کی منزل کا متلاشی ہے’۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی یوتھ ونگ کے کنونشن سے ورچوئل خطاب میں نواز شریف نے مزید کہا کہ ‘ آپ کو اس بات کا اندازہ ہے کہ آپ کر کیا رہے ہیں، یہ سب کچھ پاکستان کو کدھر لے کر جارہا ہے، یہاں آئے دن نئے نئے پلاٹ اپنے لیے الاٹ کیے جاتے ہیں، یہ پاکستان کی سرزمین کسی کی جاگیر نہیں، یہ اگر کسی کی جاگیر ہے تو 22 کروڑ عوام کی جاگیر ہے اوراگر کوئی سمجھتا ہے کہ اس کے پلاٹس اپنے لیے حاصل کروں تو پاکستان کے عوام ایسا نہیں ہوں گے دیں گے لیکن ایسا ہو رہا ہے’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘چند لوگ اپنی جیبیں اور تجوریاں بھر رہے ہیں اورسب کچھ اکٹھا کرکے اپنے لیے لے کر جا رہا ہے، کوئی امریکا اور کوئی آسٹریلیا لے کر جا رہا ہے، عوام کے خون پسینے کی کمائی سے وہاں کوئی اپنی جائیدادیں اور پاپا جونز بنا رہا ہے اور وہ پاکستان کی دولت لوٹ کر ادھر لے کر جا رہاہے’۔