لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے ڈرون طیاروں کی مدد سے اسرائیلی فوجی اڈوں کی لی گئی تصاویر اور فوٹیجز جاری کی ہیں جس پر صہیونی فوج اور سیکیورٹی حلقوں میں شدید خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
لبنانی ٹی وی چینل المنار پر نشر ہونے والی فوٹیجزمیں سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم کردہ اسرائیلی فوجی اڈے دکھائے گئے ہیں، ان فوجی اڈوں کی تصاویر اور ویڈیوز ڈرون طیارں کی مدد سے تیار کی گئی ہیں۔
لبنانی ٹی وی چینل کے مطابق حزب اللہ کی ڈرون سے حاصل کردہ ویڈیوز میں الجلیل اور مقبوضہ مزارع شعبا میں قائم فوجی اڈوں کی تصاویر اور ویڈیوز شامل ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے اپنی حساس تنصیبات کا فضا سے بھی سخت پہرا قائم کررکھا ہے تاہم لبنانی مزاحمت کاروں کی طرف سے اسرائیلی فوجی اڈوں کی قریب سے ویڈیوز حاصل کرنا ان کی کامیابی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں مہارت کا ثبوت ہے۔