تل ابیب(پاک صحافت) اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے فوج کے ایک کیمپ سے بڑی تعداد میں کلاشنکوف کی گولیاں غائب ہوگئیں، اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گولیاں چوری ہونے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ جزیرہ نما النقب میں زالیم فوجی اڈے کے گودام سے کلاشنکوف کی 90 زار گولیوں کے گم ہونے کی تصدیق کی گئی، ترجمان کا کہنا تھا کہ شبہ ہے کہ یہ چوری کیمپ سے باہر کسی گروپ نے کی ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفصیل سامنے نہیں آئی ہے، جبکہ اسرائیلی ملٹری پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوجی اڈے سے گولیاں چوری ہونے کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی اسرائیلی فوج کے ایک کیمپ سے بڑی مقدارمیں اسلحہ چوری کیا گیا تھا۔
دوسری جانب گذشتہ روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
موصولہ اطلاعات کےمطابق کل اتوار کواسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں یہودی آباد کاروں، یہودی طلباء اور صہیونی انٹیلی جنس حکام سمیت صبح کے وقت کئی درجن یہودیوں نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر بے حرمتی کی، شام کے اوقات میں مزید یہودی طلباء نے قبلہ اول میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا، قابض فوج نے گذشتہ روز مسجد اقصیٰ سے فلسطینی خاتون نمازی اور سماجی کارکن ھنادی الحلوانی کو حراست میں لے لیا۔
یہودی آباد کاروں کے ہمراہ مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولنے والوں میں اسرائیلی اسپیشل فورسز کے اہلکار بھی شامل تھے جو سنہ 1967ء سے زیرقبضہ مراکشی دروازے کے راستے مسجد اقصیٰ میں داخل ہوتے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کرتے رہے۔
یہودی آباد کاروں کی قبلہ اول میں گھس کر بے حرمتی کرنے کی اشتعال انگیز کارروائی ایک ایسے وقت میں جاری ہے جب دوسری طرف اسرائیلی حکومت نے مسجد اقصیٰ کو فلسطینی نمازیوں کے لیے کرونا کی آڑ میں بند کر رکھا ہے۔