مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ نریندر مودی کی فسطائی حکومت کے ہاتھ بے گناہ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری مولوی بشیر احمد نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ رات کے دوران چھاپوں، نوجوانوں کی گرفتاریوں اور مکانوںکی توڑ پھوڑ جیسی کارروائیوں سے کشمیری عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر حل کرنے پر مجبور کریں۔
انہوں نے غیر قانونی طور پر نظربند کشمیری رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا، مولوی بشیر احمد نے کہا کہ بھارت ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی جائز جدوجہد آزادی کو طاقت کے ذریعے دبانے کے مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے خلاف جرائم کا ارتکاب کررہا ہے اور بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں ہر کشمیری کو قتل کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔