ڈونلڈ ٹرمپ کا چہرہ ایک بار پھر بے نقاب، انتخابات کے نتائج میں دھاندلی کے احکامات صادر کرتے وقت کی گئی فون کال ریکارڈ کرلی گئی  

ڈونلڈ ٹرمپ کا چہرہ ایک بار پھر بے نقاب، انتخابات کے نتائج میں دھاندلی کے احکامات صادر کرتے وقت کی گئی فون کال ریکارڈ کرلی گئی  

واشنگٹن (پاک صحافت) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چہرہ اس وقت بے نقاب ہوگیا جب انہوں نے ریاست جارجیا کے الیکشن آفیشل کو فون کرکے اُنہیں صدارتی انتخاب کا نتیجہ بدلنے پر زور دیا جس کی کال ریکارڈ کرلی گئی اور اسے بعد میں شائع کردیا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو جارجیا کے الیکشن افسر اور ری پبلکن سیکرٹری آف اسٹیٹ بریڈ ریفنسپرگر کو فون کر کے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ آپ میرے لیے 11 ہزار 780 ووٹوں کا انتظام کریں تاکہ ہم ریاست میں جیت سکیں۔

مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کی ذلت آمیز شکست کے باوجود ان کے حامیوں کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کا سلسلہ جاری ہے

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے صدر ٹرمپ اور الیکشن افسر کے درمیان ہونے والی گفتگو کی آڈیو حاصل کر لی ہے اور اتوار کو اس گفتگو کو شائع بھی کیا ہے۔

ایک گھنٹہ طویل ہونے والی گفتگو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے بریڈ ریفنسپرگر پر حملے کیے اور انہوں نے ریاست میں تین مختلف مقامات پر ووٹوں کی گنتی کی درستگی پر اعتراض اٹھایا۔

جارجیا کے الیکشن حکام سے ہونے والی گفتگو سے متعلق صدر ٹرمپ نے اتوار کو ایک ٹوئٹ میں کہا کہ انہوں نے بریڈ ریفنسپرگر سے فلٹن کاؤنٹی میں ہونے والے ووٹنگ فراڈ پر بات کی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے بقول بریڈ اُن کے سوالات کے جواب نہیں دے سکے اور ان کے پاس مردہ لوگوں کے ووٹ ڈالنے، غلط بیلٹنگ اور خفیہ بیلٹ کی جعل سازی سے متعلق کوئی جواب نہیں تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹوئٹ کے بعد بریڈ ریفنسپرگر نے اپنی جوابی ٹوئٹ میں کہا کہ قابلِ احترام صدر ٹرمپ آپ جو کچھ کہہ رہے ہیں وہ درست نہیں،جلد حقیقت سامنے آ جائے گی۔

یاد رہے کہ ریاست جارجیا میں 1992 کے انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ کسی ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے، نو منتخب صدر جو بائیڈن نے جارجیا میں پاپولر ووٹ حاصل کرتے ہوئے تمام 16 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے تھے۔

تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں جو بائیڈن نے مجموعی طور پر 306 اور صدر ٹرمپ نے 232 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔

اگر ریاست جارجیا کے 16 الیکٹورل ووٹ صدر ٹرمپ کو مل بھی جائیں تو ان کے مقابلے میں بائیڈن کے الیکٹورل ووٹ کی تعداد ملک کا صدر بننے کے لیے درکار مطلوبہ تعداد 270 سے زیادہ ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ انتخابات میں مسلسل دھاندلی کے الزامات عائد کر رہے ہیں اور نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کی تیاری میں مصروف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

احتجاج

امریکہ میں طلباء کے مظاہرے ویتنام جنگ کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی یاد تازہ کر رہے ہیں

پاک صحافت عربی زبان کے اخبار رائے الیوم نے لکھا ہے: امریکی یونیورسٹیوں میں فلسطینیوں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے