ارطغرل غازی میں ارطغرل کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار وطن واپس چلے گئے

ارطغرل غازی میں ارطغرل کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار وطن واپس چلے گئے

شہرہ آفاق ترک ڈرامے ارطغرل غازی میں ارطغرل کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار انگین التان دوزیتان تین دن کا مختصر پاکستانی دورہ کرکے وطن واپس چلے گئے۔

انگین التان دوزیتان نجی کاروباری کمپنی کی دعوت پر10 دسمبر کو پنجاب کے شہر لاہور پہنچے تھے، دورے کے دوران انہوں نے چوہدری ٹیکسٹائل انڈسٹریز کے ساتھ معاہدے بھی کیے اور مذکورہ کمپنی نے انہیں اپنا سفیر بھی مقرر کیا، ان کے پاکستان پہنچنے پر ٹوئٹر پر ‘Welcome to Pakistan’ کا ٹرینڈ بھی ٹاپ پر رہا جب کہ انہوں نے اگلے تین روز تک لاہور کے مختلف تاریخی مقامات کا دورہ کیا۔

ترک اداکار نے پاکستان آمد پر بھرپور استقبال کیے جانے پر انسٹاگرام اسٹوریز میں پاکستانیوں کا شکریہ بھی ادا کیا، انہوں نے ایک اسٹوری میں پھولوں کے گلدستے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پرجوش استقبال پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستانی دورے پر 10 دسمبر کو پہنچنے کے بعد انہوں نے 11 دسمبر کو لاہور کے مختلف تاریخی مقامات کا دورہ کیا اور ایک پریس کانفرنس بھی کی، انگین التان دوزیتان نے 11 دسمبر کو بادشاہی مسجد کا دورہ بھی کیا، جہاں بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد سے بھی ملاقات کی، بعد ازاں انگین التان دوزیتان نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

مختصر دورے کے دوران ترک اداکار نے لاہور میں پاکستان کے لذیذ و ثقافتی کھانے بھی کھائے اور پریس کانفرنس کے دوران ان کی تعریفیں بھی کیں۔

لاہور میں 11 دسمبر کو میڈیا سے بات چیت کے دوران انگین التان دوزیتان نے پاکستانی شوبز اںڈسٹری کے ساتھ کام کرنے کا عندیہ بھی دیا اور کہا تھا کہ اگر کسی اچھے منصوبے میں انہیں کام کرنے کی پیش کش ہوئی تو وہ ضرور کام کریں گے۔

میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں انگریزی و ترک زبان سمیت کچھ اردو کے الفاظ بھی بولے تھے، جس پر ان کی کافی تعریفیں کی گئیں، گفتگو کے دوران انگین التان دوزیتان کا کہنا تھا کہ یہ ان کا پہلا دورہ ضرور ہے مگر آخری نہیں اور موقع ملنے پر وہ دوبارہ بھی پاکستان کا دورہ کریں گے۔

دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے انہیں تحائف بھی دیئے گئے، مختصر دورے پر وہ تنہا آئے تھے اور انہیں سادہ و روایتی انداز میں دیکھا گیا۔

اپنے 48 گھنٹوں پر مبنی دورے کو مکمل کرتے ہوئے انگین التان دوزیتان 12 دسمبر کی صبح پاکستان سے ترکی روانہ ہوگئے۔

ان کی پاکستان آمد کی طرح پاکستان سے روانگی کے وقت بھی ٹوئٹر پر ان کے نام کا ٹرینڈ ٹاپ پر رہا، پاکستانیوں نے ان کے دورے پر شکریہ انگین التان کا ٹرینڈ بناکر ان کی پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اطہار کیا اور ساتھ ہی ان سے مطالبہ کیا کہ وہ دوبارہ بھی پاکستانی دورے پر آئیں۔

زیادہ تر افراد نے انگین التان دوزیتان کے اردو میں کہے گئے جملوں کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور مطالبہ کیا کہ وہ دوبارہ بھی پاکستانی دورے پر آئیں۔

اگرچہ انہوں نے مداحوں سے دوبارہ پاکستانی دورے کا وعدہ نہیں کیا، تاہم ذرائع کے مطابق وہ 2021 کے وسط تک دوسرا دورہ بھی کریں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

یہ بھی پڑھیں

شان شاہد کی بیٹی فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کیلئے تیار

(پاک صحافت) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد کی بیٹی بہشت شاہد فلم …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے