ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے مرکزی کردار انجین التان دوزیتان کی پاکستان میں پریس کانفرنس، پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا

ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے مرکزی کردار انجین التان دوزیتان کی پاکستان میں پریس کانفرنس، پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا

ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے مرکزی کردار انجین التان دوزیتان اس وقت مختصر دورے پر لاہور میں موجود ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے لیکن آخری نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے دورے کے دوسرے روز ترک اداکار نے لاہور میں پریس کانفرنس کی جس میں ان کے ہمراہ ٹک ٹاک سے مشہور ہونے والے کاشف ضمیر اور یارِ من ترکی یوٹیوب چینل کے اینکر ڈاکٹر فرقان حمید بھی موجود تھے، ترک اداکار نے انگریزی اور ترکی زبان میں پریس کانفرنس کی اور بعدازاں اردو زبان کے بھی کچھ الفاظ ادا کیے۔

انجین التان دوزیتان نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ پاکستان کے عوام مجھ سے محبت کرتے ہیں، اس کا علم تھا اور اس لیے میں یہاں آنا چاہتا تھا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ میرا پاکستان کا پہلا دورہ ہے لیکن آخری نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چوہدری ٹیکسٹائل کے ساتھ نئے معاہدے ہوئے ہیں اور میں اُمید کرتا ہوں کہ ترک اور پاکستانی بھائی چارہ جاری رہے گا، بعدازاں ان کے ساتھ موجود کاشف ضمیر نے بتایا کہ انجین االتان دوزیتان چوہدری ٹیکسٹائل انڈسٹریز کے برانڈ ایمبیسڈر بنے ہیں، ترک اداکار اسی سلسلے میں پاکستان آئے ہیں اور ان سے ایک سال کا معاہدہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں انجین التان دوزیتان کا بہت شکر گزار ہوں کہ ان کے ذریعے پاکستان اور ترکی کے تعلقات مزید آگے بڑھیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ترک اداکار نے کہا کہ یہ میرے لیے خوشی کا باعث ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو ٹی وی سیریز (دیریلیش ارطغرل ) اور میں پسند ہوں۔

ترک اداکار نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے سوشل میڈیا پر ٹی وی سیریز کے حوالے سے ایک پوسٹ بھی شیئر کی تھی اور وہ میں نے دیکھی تھی اور مجھے خوشی ہوئی تھی۔

انجین التان دوزیتان نے کہا کہ یہ ایک تاریخی ٹی وی سیریز تھی، ہم جانتے ہیں کہ پاکستانی ٹی وی سیریز کو پسند کرتے ہیں اور یہ ہمارے لیے اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ارطغرل ایک اسلامی سیریز تھی، اس میں حقائق بیان کیے گئے ہیں، میں نے ایک عاشق ہونے کے ناطے ان حقائق پر پورا اترنے کی کوشش کی ہے۔

انجین التان دوزیتان نے کہا کہ اس سیریز میں، میں نے اور میرے ساتھیوں نے بہت محنت کی تھی اور میں اب دیکھ رہا ہوں کہ پاکستان کے عوام نے اسے بہت زیادہ سراہا ہے، اسے کتنی داد ہے وہ میرے سامنے ہے۔

پاکستانی ڈراموں یا فلموں میں کام کرنے سے متعلق انجین التان دوزیتان نے کہا کہ اگر کہانی اچھی ہوئی تو کیوں نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ میرا پاکستان کا پہلا دورہ ہے لیکن مجھے زیادہ موقع نہیں مل سکا کہ میں یہاں کی سیر کرسکوں۔

ترک اداکار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی جو قدرتی خوبصورتی ہے میں اس سے پوری طرح واقف ہوں، یہاں کے پہاڑی علاقوں سے بہت متاثر ہوں انہیں دیکھنا چاہوں گا۔

انجین التان دوزیتان نے کہا کہ پاکستان میں تاریخی مقامات ہیں لیکن وقت کی کمی ہے، آئندہ آؤں گا تو پاکستان کے تاریخی مقامات کی سیر ضرور کروں گا۔

خیال رہے کہ ترک اداکار انجین التان دوزیتان مختصر دورے پر گزشتہ روز پاکستان کے شہر لاہور پہنچے تھے اور نجی ہوٹل میں قیام کیا، ان کی آمد کا اعلان ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں موجود پاکستانی سفارت خانے کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کی جانب سے کیا گیا۔

ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ ارطغرل غازی (دیریلیش ارطغرل) کے مرکزی کردار انجین التان دوزیتان نجی کاروباری کمپنی کی دعوت پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، سفارت خانے کی ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ ان کے استقبال میں ہمارا ساتھ دیں۔

یہ بھی پڑھیں

بشری انصاری

اللّٰہ نے اچھے کاموں کا صلہ’دوسرے شوہر‘ کی صورت عطاء کیا، بشریٰ انصاری

(پاک صحافت) پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے دوسرے شوہر اقبال …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے