لاہور (پاک صحافت) معروف اداکار منیب بٹ اپنے نئے ڈرامہ سیریل میں پہلی بار منفرد موضوع پر فلمائے گئے ڈرامے میں خواجہ سرا کا رول ادا کریں گے۔ اداکار کا کہنا ہے کہ وہ شوبز کیریئر میں پہلی بار ایک مشکل کردار ادا کرنے جا رہے ہیں جو معاشرے کے دقیانوسی تصورات کو توڑ دے گا۔
تفصیلات کے مطابق فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے نئے ڈرامہ سیریل کو لے کر جوش و خروش کا اظہار کیا، جس میں وہ خواجہ سرا کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو اعلیٰ تعلیم کے بعد سی ایس ایس کا امتحان پاس کرکے اسسٹنٹ کمشنر تعینات ہوتا ہے۔ انہوں نے مذکورہ پوسٹ کے کیپشن میں مزید لکھا کہ وہ شوبز کیریئر میں پہلی بار ایک مشکل کردار ادا کرنے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اداکار نے اپنے منفرد کردار کے حوالے سے اعلان کیا کہ وہ جلد ہی ساتھی اداکارہ صبا قمر کے ساتھ ایک ڈرامے میں پہلی بار خواجہ سرا کے روپ میں دکھائی دیں گے، جس کے لئے وہ بہت پُرجوش ہیں۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ میں اس کردار کو اسکرین پر دیکھنے کا بے چینی سے انتظار کر رہا ہوں، جو میں جلد ہی ادا کروں گا۔