بلوچستان میں دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ، پاک فوج کے 7 جوان شہید ہوگئے

بلوچستان میں دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ، پاک فوج کے 7 جوان شہید ہوگئے

بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی پوسٹ پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 7 جوان شہید ہوگئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب جاری بیان کے مطابق ہرنائی کے علاقے شیرگ میں واقع پوسٹ پر دہشت گردں نے رات گئے فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 7 بہادر جوان شہید ہوگئے جبکہ دہشت گردوں کو پیچھے دھکیل دیا گیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے فرار ہونے کے تمام راستوں کر بند کر دیا گیا ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق تلاشی اور علاقے کو واگزار کرانے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کی پشت پناہی سے اس طرح کے بزدلانہ اقدامات کے ذریعے بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سیکیورٹی فورسز ان کے عزائم کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید جوانوں کی نام میانوالی سے تعلق رکھنے والے نائب صوبیدار گلزار، حافظ آباد کے سپاہی فیصل، پشین سے تعلق رکھنے والے سپاہی عبدالوکیل، کوہاٹ سے سپاہی شیر زمان، ڈیرا بگٹی سے سپاہی جمال، ڈیرا غازی خان سے عبدالرؤف اورمظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے فقیر محمد ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ شب ہرنائی، بلوچستان میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 جری جوانوں کی شہادت پرنہایت رنجیدہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میری دعائیں اور ہمدردیاں شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، پوری قوم بھارتی پشت پناہی کے حامل دہشت گردوں کےحملوں کا سامنا کرنے والے اپنے ان بہادر سپاہیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 23 دسمبر کو ضلع آواران کے علاقے سلک کور میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا حوالدار شہید ہوگیا تھا جبکہ ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع آواران کے علاقے سلک کور میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک پکڑا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ آپریشن کے دوران ٹھکانے سے اسلحہ و گولہ بارود اور مواصلاتی سامان برآمد کرلیا گیا۔

خیال رہے کہ 22 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے آواران میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 10 مشتبہ دہشتگرد ہلاک کردیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ میں ملوث تھے جس کے نتیجے میں 20 دسمبر کو آواران کے علاقے میں لانس نائیک محمد اقبال شہید ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان پیپلزپارٹی نے سینیٹر شیری رحمن کو سینیٹ میں پارلیمانی لیڈرنامزد کردیا

اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان پیپلز پارٹی نے سینیٹر شیری رحمن کو سینیٹ میں پارلیمانی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے