کراچی (پاک صحافت) آج ہم آپ کو وہ نئے فیچرز بتانے جا رہے ہیں جو بہت جلد واٹس ایپ پر صارفین کو دستیاب ہوں گے۔ کمپنی کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے فیچر کی آزمائش کی جارہی ہے جس کی مدد سے ایک سے دوسرے اینڈرائیڈ فون میں وائی فائی کے ذریعے ڈیٹا ٹرانسفر کرنا ممکن ہوجائے گا۔اس فیچر سے ڈیٹا کو ٹرانسفر کرنے کے لیے گوگل ڈرائیو کی ضرورت ختم ہوجائے گی۔ یہ نیا فیچر نہ صرف چیٹ ڈیٹا کو ٹرانسفر کرنے کا عمل آسان بنادے گا بلکہ اس عمل کو تیز بھی کردے گا۔
تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ پر کسی کو بلاک کرنا بھی آسان ہوجائے گا۔ جی ہاں بہت جلد صارفین پش نوٹیفکیشنز کے ذریعے ہی کسی فرد کو بلاک کرسکیں گے۔ یعنی ایپ یا اس فرد کی چیٹ اوپن کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ واٹس ایپ کی جانب سے بہت جلد آڈیو اسٹیٹس لگانے کی سہولت صارفین کو فراہم کی جائے گی۔ اس فیچر سے صارفین ٹیکسٹ کی بجائے وائس نوٹس کو ریکارڈ کرکے اسٹیٹس کے طور پر پوسٹ کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے ٹیکسٹ ایڈیٹر کو متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ بنیادی طور پر یہ 3 نئے فیچرز پر مشتمل ٹول ہوگا جس میں سے ایک آپشن کے ذریعے صارفین مختلف فونٹس پر سوئچ کرسکیں گے۔واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے فیچر پر کام کیا جارہا ہے جس سے صارفین چیٹ میں اوریجنل کوالٹی کی تصاویر بھیج سکیں گے۔