(پاک صحافت) مائیکر و بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر ) سے کسی بھی ناپسند اکاؤنٹ کو بلاک کرنے کا فیچر ختم کیا جارہا ہے۔ ایکس کے مالک ایلون مسک، جو پہلے ہی ایپلی کیشن میں متنازع تبدیلیاں کرچکے ہیں اور صارفین کی سخت تنقید کا بھی سامنا کرچکے ہیں، انہوں نے اب حال ہی میں ایکس پر بڑی تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا ایپس پر جو صارفین غیر اخلاقی مواد سے پرہیز چاہتے ہیں یا ہراساں کیے جانے یا نفرت انگیز مواد کو اپنی ٹائم لائن پر نہیں دیکھنا چاہتے، وہ ایسے اکاؤنٹس کو بلاک کردیتے ہیں، ان کے لیے بلاک کا آپشن فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ پریشانی سے بچ سکیں۔ لیکن اب ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ایکس سے بلاک کا آپشن ختم کیا جارہا ہے۔انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مختصراً بتایا کہ ’بلاک کو فیچر کے طور پر ختم کیا جارہا ہے تاہم میسجز (DM) میں بلاک فیچر کو نہیں ہٹا یا جائےگا‘۔
واضح رہے کہ ایلون نے ایکس سے بلاک فیچر کو ختم کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی تاہم انہوں نے یہ بتایا ہے کہ پلیٹ فارم پر میوٹ فنکشن برقرار رہے گا۔ میوٹ فنکشن فی الحال صرف اکاؤنٹ کی پوسٹس کے نوٹیفیکشن کو روکتا ہے تاہم جن اکاؤنٹس کو آپ نے میوٹ کیا ہوا ہے وہ اب بھی آپ کی پوسٹ دیکھ سکتے ہیں اور ان کا رپلائی بھی کرسکتے ہیں۔