پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مائع قدرتی گیس (ایل این جی) درآمد میں تاخیر پر پارلیمانی تحقیقات کروائی جائیں۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو گردشی قرضوں میں ڈبو رہی ہے، توانائی کا گردشی قرضہ 2253 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی نااہلی سے گیس شعبے کا گردشی قرضہ 350 ارب روپے ہوگیا، گیس کا گردشی قرضہ پورا کرنے کے لیے اب گیس کی قیمتیں بڑھائی جائیں گی۔
پی پی پی سینیٹر نے کہا کہ ایل این جی درآمد میں تاخیر سے ملک کو بحران اور اربوں روپے کا نقصان ہوا، ایل این جی درآمد میں تاخیر اور پھر مہنگے داموں خریداری پر سوالات اٹھتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں ایل این جی کی درآمد میں تاخیر کی پارلیمانی تحقیقات کروائی جائیں، انہوں نے بتایا کہ صرف ایل این جی درآمد میں تاخیر کی وجہ سے 122 ارب روپے کا نقصان ہوا۔
رہنما پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کابینہ کے عدم اقدامات اور ناکامیوں کے ذمہ دار وزیر اعظم ہیں۔