وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں سرسبز علاقہ جات کو بچانےکے لیئے اہم ہدایات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت قومی رابطہ کمیٹی (این ای سی) برائے ہاؤسنگ کا اجلاس ہوا جس میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)، چیئرمین سی ڈی اے سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بینکوں نے ہاؤسنگ و تعمیرات کے ضمن میں سہ ماہی اہداف کو مکمل کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صارفین کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، ہمارے سو سے زائد افسران مختلف بینکوں میں مسٹری شاپنگ کر رہے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس کو بتایا کہ آٹومیشن کے عمل پر کام دسمبر کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا، اس کے مکمل ہونے سے عوام کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے نیو بلیو ایریا میں 12 میں سے 4 کمرشل پلاٹس کے نقشے موصول ہوچکے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کے لیے ضروری ہے کہ معیشت کا پہیہ چلتا رہے جس میں تعمیراتی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تعمیراتی شعبے سے منسلک صنعتوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پاکستان کا واحد شہر ہے جو مکمل منصوبہ بندی کے تحت بنایا گیا، اب شہر اقتدار کا حسن خراب ہو رہا ہے۔