پی ٹی آئی کو آرمی چیف کا دورہ برطانیہ ہضم نہیں ہورہا۔ عطا تارڑ

عطا تارڑ

اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو آرمی چیف کو برطانیہ میں ملنے والی عزت اور وقار ہضم نہیں ہورہا، سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آرمی چیف برطانیہ کے دورے پر ہیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جس سے پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا، پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی پوری دنیا معترف ہے۔ مٹھی بھر شرپسند عناصر سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے ہیں جبکہ کچھ لوگوں نے احتجاج بھی کیا، تاہم محب وطن پاکستانیوں نے شرپسند عناصر کی اس مہم کو مسترد کر دیا ہے۔

عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ جو کوئی بھی پاکستان کی سالمیت، بقا اور مفاد کو نقصان پہنچائے گا اس کے لئے قانون موجود ہے۔ پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے، معیشت میں واضح بہتری آرہی ہے، معاشی اعشاریے بہتر ہو رہے ہیں، ترسیلات زر میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کا ترسیلات زر بھجوانے میں اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف بیرون ملک پاکستانی ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہے ہیں اور دوسری جانب شرپسند ٹولہ پاکستان سے دشمنی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے