اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے لئے نوجوانوں کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے آج ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی، وزیر اعظم نے ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کیلئے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا، ایس ڈی جیز میں خواتین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان کی آبادی کا 65 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے پائیدار ترقیاتی اہداف پر دو روزہ سیمینار کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق کی قیادت میں پاکستان کی پہلی پارلیمنٹ ہے جس نے پائیدار ترقیاتی اہداف کو ادارہ جاتی شکل دی، آج اس میں تمام صوبوں کی نمائندگی موجود ہے، یہی اس کی اصل روح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 2016ء میں پارلیمان کے اندر ایس ڈی جیز قائم کیا، اس کے اندر پپس کے دفاتر قائم کر کے اسے فعال کیا۔
واضح رہے کہ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ جب تک پارلیمنٹیرین اور مقامی حکومتوں کے نمائندے پائیدار ترقیاتی اہداف کیلئے مشغول نہیں ہوں گے، کسی بھی ترقیاتی ہدف کا حصول ممکن نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس ڈی جیز کی چیئرپرسن کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، دنیا پائیدار ترقیاتی اہداف سے آگے بڑھ رہی ہے، 2022ء سے 2030ء تک مانیٹرنگ ہوگی کہ ٹارگٹس کس طرح پورے ہوئے، ایس ڈی جیز کا فریم ورک پوری دنیا سمیت ہمسایہ ممالک میں بھی کام کر رہا ہے۔