اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی اور برآمدات بڑھانے کے لیے صنعتوں کو کم لاگت پر بجلی و گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صنعتی شعبے کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس جمعہ کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صنعتی ترقی اور برآمدات بڑھانے کیلئے صنعتوں کو کم لاگت پر بجلی و گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ صنعتی شعبے کو درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل تلاش کیا جائے۔ وزیراعظم نے برآمدی شعبے کی صنعتوں کے لئے ٹیرف ریشنالائیزیشن کے حوالے سے حکمت عملی فی الفور تیار کرنے کی ہدایت کردی۔
ان کا کہنا تھا کہ برآمدی شعبے کی صنعتوں کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، صنعتوں کے فروغ اور ملک میں موجود پیداواری استعداد کو بروئے کار لانے کے لیے ہر ممکنہ کوشش اور اقدام اٹھائے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ بجلی اور گیس کی ٹیرف ریشنلائشیشن کے لیے صنعتوں سے مشاورت کی جائے۔ اجلاس کو صنعتوں و گھریلو صارفین کو فراہم کی جانے والی بجلی کے نرخوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔