جنرل عاصم منیر

آرمی چیف سے ایرانی وزیر خارجہ کی اہم ملاقات

راولپنڈی (پاک صحافت) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے ایک اہم ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات پاکستان اور ایران کے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات کی حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور ایک دوسرے کی تشویش کو بہتر طور پر سمجھنے پر زور دیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دوسری ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کی مرکزیت پر زور دیتے ہوئے اسے ریاستوں کے درمیان تعلقات میں مقدس، ناقابل تسخیر اور ریاست سے ریاست کے تعلقات کی بنیادی سمت قرار دیا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دہشت گردی مشترکہ خطرہ ہے جس سے باہمی تعاون، بہتر رابطہ کاری اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے ذریعے نمٹنے کی ضرورت ہے جبکہ فریقین نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ قریبی رابطے میں رہا جائے گا۔

پاک فوج کے سپہ سالار نے سلامتی کے خدشات کو دور کرنے کے لیے پائیدار رابطے اور دستیاب مواصلاتی ذرائع کو استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں فریقوں نے مشترکہ خطرات کے خلاف رابطہ کاری اور ردعمل کو بہتر بنانے کے لیے ایک دوسرے کے ملک میں فوجی رابطہ افسروں کی تعیناتی کے طریقہ کار کو جلد سے جلد فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

ایرانی وزیرخارجہ اور آرمی چیف نے اس بات پر اتفاق کیا کہ برادر ممالک کے درمیان کسی کو بھی خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے، پاکستان اور ایران برادرانہ پڑوسی ہیں اور دونوں ممالک کی تقدیر ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

خرم دستگیر

سب سے زیادہ تنقید پارلیمان کے نمائندوں پر ہوتی ہے۔ خرم دستگیر

لاہور (پاک صحافت) خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ تنقید پارلیمان کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے