کراچی (پاک صحافت) نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کا کہنا ہے کہ یہ کلچر بن گیا ہے کہ ہر چیز میں سازش ڈھونڈی جائے۔ خیال رہے کہ جسٹس (ر) مقبول باقر نے سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے تحت لانڈھی ویئر ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں تعلیم کی بہت ابتر صورتِ حال ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلی سندھ کا کہنا ہے کہ آج یہ خوشی کا موقع نہیں بلکہ افسوس کا مقام ہے کیونکہ کتابیں بر وقت تعلیمی اداروں میں پہنچنی چاہیے تھیں لیکن تعلیم کو نظر انداز کیا گیا۔ نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کا کہنا ہے کہ کوئی درست انداز میں کام نہیں کر رہا اور مالی معاملات میں بھی گھپلا ہو رہا ہے۔ انہوں نےکہا کہ اساتذہ سے مل کر افسوس ہوتا ہے کہ انہیں اپنے اسکول کالج سے متعلق معلومات تک نہیں، بچوں کو سرکاری اسکولوں میں تعلیم نہیں مل رہی، طلباء اور اساتذہ کی غیر حاضری کا کوئی نوٹس نہیں لیتا۔
واضح رہے کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے یہ بھی کہا کہ ہمارے پاس وسائل بھی ہیں، ٹیلنٹ بھی ہے لیکن ہمارے درمیان اعتماد کا فقدان ہے، درست سمت میں کام کرنا مشکل ہے مگر ناممکن نہیں۔ اس موقع پر نگراں وزیر تعلیم رعنا حسین نے کہا کہ جس دلچسپی سے نگراں وزیرِ اعلیٰ نے فیلڈ کے دورے کیے وہ قابلِ ستائش ہے۔