کراچی (پاک صحافت) میئر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی کی کوئی سڑک بارش کیوجہ سے بند نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں بارشوں کے بعد صورتحال کنٹرول میں ہے۔ کراچی کی تمام سڑکیں موٹر ایبل ہیں، ناگن چورنگی، گجر نالہ اور اس کے اطراف اور ناظم آباد کے علاقے کلیئر ہیں۔
مرتضی وہاب کا مزید کہنا ہے کہ ضلع وسطی سمیت شہر کے تمام اضلاع کے انڈر پاس بھی کلیئر ہیں۔ کچھ مقامات پر نشیبی علاقوں اور سڑکوں کے اطراف پانی کھڑا ہے جسے نکالا جا رہا ہے۔ لالو کھیت، لیاقت آباد مارکیٹ، حیدری مارکیٹ کے اطراف کے علاقے کلیئر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر روڈ پر نئی ڈرنیج لائن نے اچھا کام کیا ہے۔ دو نمبر چورنگی، فور کے چورنگی، فائیو اسٹار چورنگی پر ٹریفک رواں دواں ہے۔ بارش رکتے ہی کے ایم سی اور واٹر بورڈ کے عملے نے پانی نکالنا شروع کر دیا تھا۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ پرانا گولی مار اور رضویہ کے اطراف سڑک کلیئر ہے۔ کاروبار زندگی معمول کے مطابق جاری ہے اور ٹریفک بھی رواں دواں ہے۔