ڈیرہ اسماعیل خان (پاک صحافت) پی ٹی آئی رہنما سمیع اللہ علیزئی نے جے یو آئی ف میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما سمیع اللہ علیزئی نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملاقات کے بعد جمعیت علماء اسلام (ف) میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سمیع اللہ علیزئی نے کہا کہ سربراہ جمعیت علماء اسلام نے نئے دور کی جدت اور ترقی پسندی کو اپنایا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے سمیع اللہ علیزئی کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ علیزئی کا خاندان ہمارے لیے ہمیشہ سے محترم رہا ہے، ملکی سالمیت اور استحکام ہمارا مقصد ہے اور ہم انسانی حقوق اور امن کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان سے تحریک انصاف کے ایک اور صوبائی اسمبلی کے رکن کے جلد ہی جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کے امکانات ہیں۔