لاہور (پاک صحافت) پیپلزپارٹی نے حکومت سازی کے معاملے میں مسلم لیگ سے تعاون کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان حکومت سازی کے لیے باضابطہ رابطہ ہوگیا۔ بلاول ہاؤس لاہور میں صدر ن لیگ شہباز شریف نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات کی، جس میں پی پی نے مسلم لیگ سے تعاون کا اعلان کردیا ہے جب کہ وزارت عظمی اور صدارت پر بھی بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری طرف پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس کل بروز پیر اسلام آباد میں ہوگا۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی میں سیاسی تعاون پر اصولی اتفاق رائے ہوگیا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل میں سیاسی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
دونوں جماعتوں کے قائدین نے ملک کو سیاسی استحکام سے ہم کنار کرنے کے لئے سیاسی تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔ اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سیاسی عدم استحکام سے ملک کو بچائیں گے۔
پی پی پی قیادت نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی تجاویز کو سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں سامنے رکھیں گے۔