لاہور (پاک صحافت) حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے عمران نیازی کی چاکری میں مصروف ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 25 سے زائد افراد ڈینگی بخار سے جان کی بازی ہار چکے ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں کھڑے پانی سے ڈینگی کی ہلاکت خیزی بڑھنے کا امکان ہے۔ پنجاب حکومت کی عدم توجہی سے عوام کی جان خطرات سے دوچار ہے، ڈینگی کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات نہ ہونا مجرمانہ غفلت ہے۔
حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں انسداد ڈینگی مہم بیانات اور ٹی وی اسکرینوں تک محدود ہیں، حکومت کیسز پر قابو پانے کے لیے وسائل کا استعمال نہیں کررہی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی بے قابو ہوچکا ہے، تحریک انصاف کی حکومتیں عمران خان کی سیاست بچانے میں لگی ہیں۔