راولپنڈی (پاک صحافت) آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاک فوج سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے علاقے لسبیلہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے لال گوٹھ میں سیلاب متاثرین کیلئے قائم گاوں کاافتتاح کیا۔ سپہ سالار نے کوئٹہ کور، ایف ڈبلیو او، فرنٹیئر کور بلوچستان، کوسٹ گارڈز کے دستوں سے بات چیت کی جبکہ آرمی چیف نے حالیہ سیلاب میں بچاؤ، امداد اور بحالی کے عمل کے دوران سپاہ کی کاوشوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل کمال اظفر کی بریفنگ دی گئی جبکہ آرمی چیف کو سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے جاری کام کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ دورے کے دوران آرمی چیف نے لال گل گوٹھ میں نئے جدید پرائمری اسکول کے اساتذہ، طلباء، مقامی افراد سے بھی ملاقات کی۔