اسلام آباد (پاک صحافت) الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی نے انکشاف کیا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی نے متعدد بینک اکاونٹس چھپائے اور بعض کی غلط معلومات فراہم کی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی اکاؤنٹ سٹیٹمنٹ میں شامل کیش رسیدیں، بینک سٹیٹمنٹ سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ پی ٹی آئی کو ایک ارب 64 کروڑ روپے کے عطیات موصول ہوئے۔ تحریک انصاف نے 77 میں سے صرف 12 اکاؤنٹس ظاہر کیے جبکہ 53 بینک اکاؤنٹس اور 31 کروڑ روپے کی رقم چھپائی گئی۔
کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے 2008 اور 2009 کے دو بینک کھاتوں کو ظاہر نہیں کیا گیا جبکہ نیوزی لینڈ اور کینیڈا کے اکاؤنٹس تک رسائی نہیں دی۔ پی ٹی آئی نے 2008 سے 2013 تک ایک ارب 33 کروڑ 22 لاکھ روپے کے فنڈز ظاہر کیے اور الیکشن کمیشن میں 12 بینک اکاؤنٹس ظاہر کیے۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے سامنے 53 پارٹی بنک اکاؤنٹس چھپائے جبکہ اسٹیٹ بینک نے انکشاف کیا کہ ریکارڈ کے مطابق پی ٹی آئی کے 65 بنک اکاؤنٹس ہیں۔