اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر اور سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ پاکستانی تاریخ کا بڑا اسکینڈل ہے۔فارن فنڈنگ سے سیاسی انتشار اور الیکشن میں دھاندلی کی گئی۔ عوام سے اپیل ہے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے نائب صدر ن لیگ مریم نواز اور دیگر پی ڈی ایم رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں نے خصوصی دعوت پر شرکت کی، الیکشن کمیشن کے سامنے کل کے مظاہرے کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا، طے ہوا کہ پی ڈی ایم قیادت الیکشن کمیشن کے سامنے فارن فنڈنگ کے حوالے سے بھرپور احتجاج کرے گی۔
مزید پڑھیں: صدارتی آرڈی نینس کیخلاف نون لیگ عدالت پہنچی
ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ پاکستان کی سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے، جس کامرکزی ملزم عمران احمدنیازی ہے، پوری دنیا سے کروڑوں روپے پارٹی کے نام پر اکٹھے کیے گئے ہنڈی اوردیگر ذرائع سے منگوا کرسیاسی انتشار اوردھاندلی کیلئے استعمال کیے،6 برسوں سے کیس زیرالتواء ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی سے مدرآف این آراو لے کر پاکستان میں سیاسی عدم استحکام پیدا کیا، چندوں کے نام پر حاصل کیے فنڈز کوغیرقانونی طور پرخفیہ اکاؤنٹ کے ذریعے ذاتی کاروبار اور انتشار پھیلانے کیلئے استعمال کیا جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے مطالبہ کریں گے جس جرم کا اعتراف کرلیا گیا الیکشن کمیشن فوری فیصلہ سنائے، پی ٹی آئی اور قیادت کیخلاف فیصلے میں تاخیر کیوں کی جارہی ہے؟ کبھی منتخب وزیراعظم کیخلاف 6 ماہ فیصلہ کیا جائے جبکہ سلیکٹڈ کے خلاف 6 سال سے کیس زیرالتواء ہے پھر کیوں فیصلہ نہیں کیا جارہا؟
ان کا کہنا تھا کہ عوام سے گزارش ہے کہ پاکستان دشمن فنڈنگ کی مذمت کیلئے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگ شرکت کریں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک بھر میں احتجاجی شیڈول کو ترتیب دی گئی، 21 جنوری کو کراچی میں اسرائیل نامنظور ملین مارچ ہوگا، 5 فروری کو کشمیریوں کے ساتھ ملک بھر میں اظہار یکجہتی کیا جائے گا، ساتھ ساتھ راولپنڈی میں ایک بڑا جلسہ بھی کیا جائے گا۔