پشاور (پاک صحافت) شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی شہید جبکہ 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں میرعلی کے مقام پر دہشت گردوں کا سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ ہوا ہے، حملے کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل، کیپٹن سمیت 7 فوجی شہید ہو گئے ہیں، جبکہ 6 دہشت گرد آپریشن میں جہنم واصل کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے باردو سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرائی گئی تھی۔ دہشت گردی کے واقعے میں 5 فوجی شہید ہوگئے۔ شہداء میں حوالدار صابر، نائک خورشید، سپاہی ناصر، سپاہی راجا اور سپاہی سجاد شامل تھے۔
حملے کے بعد دہشت گردوں سے جھڑپ میں لیفٹیننٹ کرنل کاشف اور کیپٹن احمد بدر شہید ہو گئے۔ شہید جوانوں کا تعلق ضلع خیبر، لکی مروت، پشاور، کوہاٹ اور ایبٹ آباد سے ہے۔ لیفٹیننٹ کرنل کاشف کا تعلق کراچی سے ہے اور کیپٹن محمد احمد بدر کا تعلق تلہ گنگ سے ہے۔
حملے کے بعد کلیئرنس آپریشن میں 6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔