راولپنڈی (پاک صحافت) شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی جانب سے طالبان کے خلاف بڑی کاروائی کی گئی، جس میں دو دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک دہشتگرد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے نرگوسا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔
تفصیلات کے مطابق فورسز کی کاروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت عثمان علی اور وحید لشتئی کے نام سے ہوئی ہے۔ آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ مارے گئے دہشتگرد تحریک طالبان سجنا گروپ کے سرگرم رکن تھے، دونوں دہشتگرد آئی ای ڈیز بنانےکے ماہر اور دہشتگردی کے ٹرینر بھی تھے۔
واضح رہے کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے، دہشتگرد عثمان 14 اکتوبر 2020 کو سکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملے میں ملوث تھا ،جس میں کیپٹن عمر چیمہ، 2 جے سی اوز اور 3 سپاہی شہید جبکہ 4 سپاہی زخمی ہوئے تھے۔