اسلام آباد (پاک صحافت) وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس ہمیں سستے نرخوں پر پیٹرول، ڈیزل اور خام تیل فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ روس کے پاس ابھی ایل این جی موجود نہیں ہے لیکن روس میں نجی کمپنیوں سے ایل این جی کیلیے بات چیت شروع ہوگئی ہے، روس کے سرکاری ایل این جی کارخانوں سے بھی بات چیت شروع ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا عوام کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ روس کا دورہ کامیاب رہا، روس کا دورہ ہماری امیدوں سے زیادہ کامیاب رہا، روس ہمیں رعایت پر خام تیل فراہم کرے گا، روس پاکستان کو پیٹرول اور ڈیزل بھی رعایت پر دے گا۔
واضح رہے کہ اس موقع پر مصدق ملک نے بتایا کہ روس سے پائپ لائن سے متعلق بھی گفتگو کی گئی، روس کی حکومت ایل این جی کے نئے کارخانے بنا رہی ہے، روس کے نئے کارخانوں سے ایل این جی کے نئے معاہدے کریں گے۔ ان کا کہنا تھا وزیراعظم کا حکم ہے کہ ملک کو زراعت میں خودکفیل ہونا ہو گا، کارخانوں کی چمنیوں سے ہر وقت دھواں نکلنا چاہیے اس سے روزگار ملتا ہے۔