اسلام آباد (پاک صحافت) وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے عمران خان کو جیل میں کیڑوں سے بچنے کا طریقہ بتادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو حکومت یا اسلام آباد پولیس نے گرفتار نہیں کیا بلکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالتی حکم پر گرفتار کیا گیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کہا کرتے تھے کہ سب کو عام قیدیوں کی طرح رہنا چاہیے، جیل میں کوئی بہترین کلاس نہیں ہونی چاہیے۔
رانا ثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ جیسا چیئرمین پی ٹی آئی چاہتے تھے پھر اس میں عام طرح کا رویہ تو ہوتا ہے، جس ماحول کا وہ کہہ رہے کہ یہاں پر مکھیاں، کیٹرے اور کھلا واش روم ہے، اس کیلئے میں چیئرمین پی ٹی آئی سے یہ گزارش کروں گا کہ یہ جیلوں میں ہوتا ہے۔ ہم بھی ایسی ہی جگہوں پر رہے ہیں، جن کنڈیشنز کا چیئرمین پی ٹی آئی نے ذکر کیا ہے میری دفعہ بھی بالکل یہی کنڈیشنز تھیں۔
انہوں نے کہا کہ دو چار دن کے بعد تجربے کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں فرش پر بڑی پر سکون نیند آنا شروع ہوجاتی ہے، بیڈ کی کمی بندے کو محسوس نہیں ہوتی۔ انہوں نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ اگر وہاں پر کوئی کیٹرے پھر رہے ہیں تو پھر وہ کانوں میں کاٹن رکھ لیا کریں کیونکہ یہ اگر کان میں گھس جائیں تو یہ بڑا پریشان کرتے ہیں اگر چاہیں تو ناک میں بھی ڈال لیں۔