اسلام آباد (پاک صحافت) حکمران اتحاد نے وزیراعظم کے لیے شہباز شریف اور صدر مملکت کے لیے آصف علی زرداری کے نام پر اتفاق کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے احسن اقبال، پیپلز پارٹی کے نوید قمر، استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان، بی اے پی کے خالد مگسی نے میڈیا سے بات چیت کی۔ احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم کے لیے شہباز شریف اور صدر مملکت کےلیے آصف زرداری کے نام پر اتفاق کیا گیا ہے۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا چناؤ بھی اتفاق رائے سے کیا جائے گا، نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کو عشائیہ دیا ہے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ عوام کی توقعات کے مطابق پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جائے گا، معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جائے گا۔ نوجوانوں کے بہتر مستقبل کےلیے کام کیا جائے گا، ملک میں اندرونی یکجہتی پر کام کیا جائے گا، تمام اتحادی مل کر کام کریں گے، اقتصادی و سماجی چیلنجز پر پورا اترا جائے گا۔
نوید قمر نے کہا کہ ہم تمام اتحادی مل کر ووٹ دیں گے، ہم سب مل کر چلیں گے، بلاول بھٹو نے زور دیا ہے کہ قومی مفاہمت سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ سب کو آن بورڈ لے کر میثاق معیشت اور میثاق مفاہمت کرنا ہے۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ تمام اتحادی جماعتوں نے مل کر امیدواروں کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے، انتخابات کا عمل گزر چکا، اب سب بڑی جماعتیں حکومت کا حصہ ہیں۔