لاہور (پاک صحافت) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اگر 9 مئی کے واقعات پر صدق دل سے معافی مانگ لیں تو رہائی ممکن ہو سکتی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرا میں بانی تحریک انصاف کی رہائی کے سوال پر رانا ثناء اللہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی چور راستے کے ذریعے انقلاب لانا چاہتے ہیں جو ممکن نہیں۔
رانا ثناء نے کہا کہ تبدیلی صرف جمہوری جدوجہد کے ذریعے ممکن ہے۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کا تفصیلی انٹرویو پروگرام جرگہ میں آج رات 10 بج کر پانچ منٹ پر نشر کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالت رہا کرتی ہے تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں۔
واضح رہے کہ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے مقدمات کی وجہ سے جیل میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اپنی ضمانت ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ سے کرواسکتے ہیں۔