اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کا انفورسمنٹ نظام بہتر بنانا وقت کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیرِاعظم نے ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کی تعریف کی اور پلان پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت کی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ایف بی آر کے انفورسمنٹ نظام کو مزید فعال بنانے کی حکمتِ عملی ترتیب دینے اور اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات تیز تر کرنے کی ہدایت کی۔ ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی معاشی اصلاحات میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محصولات میں بہتری سے عوام کو سروسز کی فراہمی اور سوشل سیکٹر میں بہتری آئے گی۔ اچھے ٹیکس دہندگان کو دعوت دیں، مشاورت کی جائے اور تجاویز لی جائیں، نجی شعبے کا فروغ حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، فعال اور خوش حال نجی شعبہ ملکی معیشت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔