اسلام آباد (پاک صحافت) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اخوت اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنے کے لیے اسوہ حسنہ رسول ﷺ کی پیروی ناگزیر ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر مسلمانانِ عالم اسلام کو مبارکباد دی ہے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ خاتم النبیین آنحضرت محمد ﷺ رحمتہ اللعالمین بن کر تشریف لائے، آج کا دن امن و محبت اور ا تحاد و یگانگت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ اس بابرکت دن کی فضیلت سے ہر مسلمان کا دل نور سے منور کر دے، وطنِ عزیز کو اس مقدس دن کی نسبت سے اپنی رحمتوں و برکتوں سے مالامال کر دے۔ رحمت اللعالمین، خاتم النبیین، نبی کریم حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن آج مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
شہر، شہر، گلی، گلی چراغاں، مساجد، بلند عمارتوں، بازاروں اور چوراہوں پر سبز پرچموں کی بہار ہے۔ اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں محافل اور تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر درود و سلام کی محفلیں سجا کر آقائے دو جہاں سے محبت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔