صنعاء (پاک صحافت)یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کا نام دہشتگرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے کے امریکی فیصلے کے خلاف یمنی عوام اور اس ملک کے مختلف گروہوں نے اپنے مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے تعز میں بھی مظاہرے کئے اور امریکہ اور سعودی عرب کو اصلی دہشت گرد قرار دیا۔
یمنی مظاہرین نے ملت یمن کے خلاف امریکی سعودی اتحاد کے جاری جرائم کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی جانب سے یمن کے آئل ٹینکروں کو روکے جانے کی سخت مخالفت کی۔
یمنی مظاہرین نے اپنے بیان میں سعودی اتحاد کی جارحیتوں کے مقابلے میں ملت یمن کی استقامت جاری رہنے کا اعلان کیا اور آزادی، سربلندی اور عزت کے لئے انقلابی رہنماؤں کی راہ پر گامزن رہنے نیز ان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ امریکہ کی براہ راست دہشتگردی کے ذریعے یمنی بچوں اور خواتین سمیت عام شہریوں کے خلاف جارح اتحاد کے جرائم سے اس اتحاد کے اخلاقی انحطاط کا اندازہ ہوتا ہے اور واضح ہوجاتا ہے کہ جارح امریکی و سعودی اتحاد کس حد تک پستی میں گر چکا ہے۔
اس بیان میں ملت یمن سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دشمن کی سازشوں کے مقابلے میں ڈٹ جائیں اور سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں استقامتی محاذ کی بھرپور حمایت کریں۔
واضح رہے امریکی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے یمن کی تحریک انصار اللہ کا نام دہشتگرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔