امریکا نے چین کے خلاف ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے چینی کلچرل پروگرامز کو پروپیگنڈا قراردے کر چین کے ساتھ ایکسچینج پروگرام معطل کردیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق چین کے5 کلچرل پروگرامز چینی حکومت کے سافٹ پاور پروپیگنڈا ہتھیار ہیں جس کی وجہ سے چین کےساتھ ایکسچینج پروگرام معطل کررہے ہیں۔
امریکا نے چین پر مزید اقتصادی و معاشی پابندیاں عائد کر دیں، امریکی حکومت نے چین کو مزید پابندیوں میں جکڑ دیا۔
چائناریلوے،اسپیس کاسٹ،چپ میکر اور آئل کمپنی امریکی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہیں، وائٹ ہاؤس نے نومبر میں کئی چینی کمپنیوں کے شیئرزکے کاروبار پر پابندی کے ایگزیکٹو آرڈر جاری کیےتھے۔
واضح رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی امور اور سیاسی محاذ آرائی کا درجہ حرارت وقت گزرنے کے ساتھ بڑھتا جارہا ہے۔
دونوں ممالک کے مابین بڑھتی ہوئی مخاصمت اس درجے پر پہنچ چکی ہے کہ علمی اور ثقافتی سطح پر بھی چین کے ساتھ امتیازی سلوک کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ سرد جنگ کے خاتمے سے متعلق نوید اب دم توڑتی دکھائی دے رہی ہے اور آئرن کرٹین کا تصور ایک بار پھر سر اٹھاتا دکھائی دے رہا ہے۔