کویت کی نو منتخب پارلیمان ( مجلس امہ) نے فلسطینی قوم کے حامی سمجھے جانے والے رہنما اور سرکردہ سیاست دان مرزوق الغانم مسلسل تیسری بار کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں، وہ سنہ 2020ء سے 2024ء تک پارلیمنٹ کے اسپیکر کے عہدے پر کام کریں گے۔
کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کونا کے مطابق رکن پارلیمنٹ مرزوق الغانم کو مسلسل تیسری بار 16 ویں پارلیمان کا اسپیکر مقرر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں کویت میں پارلیمنٹ کے انتخابات کے دوران مرزوق الغانم نے اپنے حریف کو 28 کے مقابلے میں33 ووٹوں سے شکست دے دی تھی جب کہ تین ووٹ مسترد کر دیے گئے تھے۔
باون سالہ مرزوق الغانم سنہ 2006ء سے کویتی پارلیمنٹ کے رکن ہیں، انہیں سنہ 2012ء کو پارلیمنٹ کا اسپیکر منتخب کیا گیا، سنہ 2016ء کو دوسری بار انہیں اس عہدے پر تعینات کیا گیا جبکہ حالیہ انتخابات کے دوران انہیں ایک بار پھر کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا عہدہ سونپا گیا ہے۔
مرزوق الغانم فلسطینیوں کے حقوق کے لیے بے لاگ اور بے باک انداز میں بات کرنے اور اسرائیلی ریاست کے جنگی جرائم کا پردہ چاک کرنے کے حوالے سے مشہور ہیں۔