رام اللہ (پاک صحافت) حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نیکولائے میلاڈینوف کے مابین اہم گفتگو ہوئی جس میں دونوں رہنماوں نے فلسطین میں ہونے والے انتخابات کے بارے میں بات چیت کی۔
اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے گذشتہ روز مشرق وسطیٰ کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نیکولائے میلاڈینوف سے بات چیت کی، اسماعیل ہنیہ نے یو این ایلچی کو فلسطین میں انتخابات کی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
خیال رہےکہ فلسطینی صدر محمود عباس کی طرف سے جاری کردہ ایک صدارتی فرمان میں فلسطین میں تین مراحل میں انتخابات کرانے کا اعلان کیا گیا ہے، شیڈول کے مطابق 22 مئی کو فلسطین میں پارلیمانی، 31 جولائی کو صدارتیاور 31 اگست کو نیشنل کونسل کے انتخابات کرائے جائیں گے۔
حماس کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسماعیل ہنیہ اور اقوام متحدہ کے مندوب کے درمیان ویڈیو کانفرنس پر بات چیت ہوئی، دونوں رہنمائوں نے فلسطین کی تازہ صورت حال کا جائزہ لیا، اس موقعہ پر ہنیہ نے اقوام متحدہ کے مندوب کو فلسطین میں انتخابات کی تیاریوں اور اس سلسلے میں حماس کی طرف سے ہونے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ فلسطین میں انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے اقوام متحدہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے، دوسری طرف یو این ایلچی میلاڈینوف نے حماس رہ نما کو یقین دلایا کہ اقوام متحدہ فلسطین میں آزاد اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں ہرممکن مدد کرے گا۔
اسماعیل ہنیہ نے اقوام متحدہ کے عہدیدار پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پردبائو ڈالے تاکہ صہیونی ریاست کو فلسطین میںانتخابات کے انعقاد میں روکاٹوں سے باز رکھا جاسکے۔