اسماعیل ہنیہ اور امیر قطر کے مابین اہم ملاقات، خلیجی ممالک میں مصالحت کے اعلان پر مبارک باد پیش کی

اسماعیل ہنیہ اور امیر قطر کے مابین اہم ملاقات، خلیجی ممالک میں مصالحت کے اعلان پر مبارک باد پیش کی

قطر (پاک صحافت) اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی قیادت میں جماعت کے اعلیٰ اختیاراتی وفد نے گذشتہ روز امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ان کے شاہی دربار میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پہلے تو حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے امیر قطر کو 41 ویں خلیج تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس کے موقعے پرخلیجی ممالک میں مصالحت کے اعلان پر مبارک باد پیش کی۔

اس کے بعد امیر قطر اور حماس کے وفد میں دو طرفہ تعلقات، فلسطین کی تازہ صورت حال بالخصوص فلسطینیوں کی صفوں میں اتحاد کےقیام کے لیے ہونے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حماس کے وفد نے امیر قطر کو خلیج تعاون کونسل کی کامیابی اور عرب ممالک کے درمیان جاری بحران کے خاتمے پر مبارک باد پیش کی۔

حماس نے فلسطینیوں میں مصالحت کے حوالے سے قطر کی کوششوں کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ قطری حکومت حسب معمول فلسطینی قوم کی پشتیبانی جاری رکھے گی۔

اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ فلسطین میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے انعقاد کے بعد فلسطینیوں میں مصالحت کا نیا عمل شروع ہوگا۔

دوسری جانب اسماعیل ہنیہ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سمیت عالمی رہنمائوں کو مکتوبات ارسال کیے ہیں جن میں ان سے فلسطینی نصب العین کی حمایت کی اپیل کی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اسماعیل ہنیہ نے اپنے مکتوب میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو خلیجی ممالک میں مصالحت کرانے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

مکتوب میں کہا گیا ہے کہ حماس خلیج تعاون کونسل کے 41 ویں سربراہ اجلاس کے سعودی عرب میں کامیاب انعقاد اور خلیجی ممالک میں بالخصوص قطر اور سعودی عرب میں مصالحت کا خیرمقدم کرتے ہوئے سعودی فرمانروا کو مبارک باد پیش کرتی ہے۔

انہوں نے اپنے مکتوب میں مزید کہا ہے کہ العلا میں ہونے والے جی سی سی اجلاس میں جاری کردہ اعلامیے میں خلیجی ممالک کے درمیان اتحاد کا فیصلہ کیا گیا، حماس خلیجی ممالک کو اس پیش رفت پر مبارک باد پیش کرتی ہے۔

اسماعیل ہنیہ نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کو بھی مکتوب ارسال کیا ہے جس میں  خلیجی ممالک میں‌ مصالحت کے حوالے سے ان کی مساعی کی تحسین کی گئی ہے۔

اسماعیل ہنیہ نے سعودی قیادت کے علاوہ کئی دوسرے عالمی رہنمائوں کو بھی مکتوبات ارسال کیے ہیں‌ جن میں ان کی توجہ غزہ کی پٹی کے محاصرے، فلسطین میں اسرائیلی مظالم اور قضیہ فلسطین کو تباہ کرنے کی اسرائیلی سازشوں کی طرف مبذول کرائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

واٹساپ

فلسطینیوں کو قتل کرنے میں اسرائیل کیساتھ واٹس ایپ کی ملی بھگت

(پاک صحافت) امریکی کمپنی میٹا کی ملکیت واٹس ایپ ایک AI پر مبنی پروگرام کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے