تائیوان میں مداخلت کرنے پر چین نے امریکہ کو شدید دھمکی دے دی

تائیوان میں مداخلت کرنے پر چین نے امریکہ کو شدید دھمکی دے دی

بیجنگ (پاک صحافت) واشنگٹن کی جانب سے امریکی اور تائیوان حکام کے درمیان تبادلوں پر عائد پابندی ختم کیے جانے کے بعد تائیوان کے دعویدار چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے چین کے خلاف ناگوار سلوک کرنے والے امریکی اہلکاروں کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق چین نے واشنگٹن کی جانب سے تائیوان کے لیے اس نرمی کی مذمت کی ہے جس کا اعلان امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ڈونلڈ ٹرمپ کے دور صدارت کے آخری ایام میں کیا تھا، اس اعلان کے بعد سے واشنگٹن اور چین کے پہلے سے خراب تعلقات مزید خراب ہوگئے تھے۔

چین کے غصے میں مزید اضافہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کیلی کرافٹ نے تائیوان کے منصوبہ بند سفر کی منسوخی کے بعد گزشتہ ہفتے تائیوان کے صدر سوسائی انگ وین سے بات کی۔

روزانہ کی ایک نیوز بریفنگ میں جب یہ سوال گیا کہ تائیوان کے ساتھ مصروفیات پر امریکا کو ‘بھاری قیمت’ ادا کرنے کے چین اپنے عزم پر کیسے عمل کرے گا تو وزارت کی ترجمان ہوا چونئنگ نے کہا کہ امریکی حکام کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے وضاحت کے بغیر کہا کہ امریکا کے غلط اقدامات کی وجہ سے چین نے تائیوان کے معاملے پر ناگوار سلوک کرنے کے ذمہ دار امریکی حکام پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، خیال رہے کہ چین تائیوان کو اپنا ایک صوبہ قرار دیتا ہے۔

چین کا کہنا ہے کہ تائیوان، امریکا کے ساتھ چین کے تعلقات میں سب سے اہم اور حساس مسئلہ ہے، اس سے قبل چین نے امریکی کمپنیوں پر تائیوان کو ہتھیار فروخت کرنے پر پابندیوں کا اعلان بھی کرچکا ہے تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ ان کو کیسے، یا کیا نافذ کیا گیا ہے۔

بیجنگ نے تائیوان کے لیے اسلحہ کی فروخت اور امریکی سینئر عہدیداروں کے دوروں سمیت تائیوان کے لیے بڑھتی ہوئی امریکی حمایت کا جواب دیتے ہوئے اس جزیرے کے قریب اپنی فضائیہ کے طیارے اڑانے سمیت دیگر فوجی سرگرمیاں بڑھا دی ہیں۔

چین نے گزشتہ برس ہانگ کانگ اور واشنگٹن کی سابقہ برطانوی کالونی میں سیاسی آزادی کو روکنے کے الزامات پر واشنگٹن کی طرف سے عائد پابندیوں کے جواب میں ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کے قانون سازوں سمیت 11 امریکی شہریوں پر پابندیوں عائد کی تھی۔

واضح رہے کہ واشنگٹن نے 1979 میں بیجنگ کی حمایت میں تائیوان سے سرکاری تعلقات منقطع کردیے تھے لیکن پھر بھی تائیوان کا سب سے بڑا اسلحہ فراہم کنندہ ہے۔

چین کے ساتھ تجارتی محاذ پر کشیدگی کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے تائیوان کے لیے اپنی حمایت کو تقویت دینے کو ترجیح دی ہے۔

واضح رہے کہ تائیوان اپنے آپ کو ایک علیحدہ ملک تصور کرتا ہے جس کی اپنی کرنسی، سیاسی اور عدالتی نظام ہے، تاہم اس نے باقاعدہ طور پر اپنی آزادی کا اعلان نہیں کیا۔

دونوں ممالک کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ جاری رہتا ہے، تاہم 2016 میں صدر سائی اینگوین کے اقتدار میں آنے کے بعد دونوں ممالک میں تعلقات میں اس وقت مزید خرابی پیدا ہوئی جب انہوں نے جزیرے کو ’ایک چین‘ سمجھنے کے بیجنگ کے مؤقف کو ماننے سے انکار کردیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس جنوری میں چین کے صدر شی جن پنگ نے ہانک کانگ اور تائیوان کے الحاق کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ بیجنگ تائپے کی آزادی کی کسی بھی کوشش کے خلاف ہے۔

چین کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ بغاوت کو ختم کرنے کے لیے اپنے فوجی آپشن کو ترک نہیں کرے گا۔

خیال رہے کہ چین تائیوان کو اپنے ملک کا حصہ سمجھتا ہے کیونکہ دونوں ممالک نے 1949 کی خانہ جنگی کے بعد علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

یہ بھی پڑھیں

عدالت

چین نے پہلی بار انسداد بدعنوانی قانون میں ترمیم کا جائزہ لیا

پاک صحافت چین کی قومی اسمبلی کے نمائندوں نے پہلی بار انسداد بدعنوانی قانون میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے