حال ہی میں اسلام کی خاطر اداکاری و ماڈلنگ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کرنے والی زینب جمیل نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر موجود اپنے آفیشل اکاؤنٹ کی پروفائل پیکچر تبدیل کرکے قرآنی آیت کی تصویر لگا دی ہے۔
زینب جمیل نے اب اپنے انسٹاگرام کی نئی پروفائل پیکچر میں قرآن پاک کی آیت کی تصویر لگائی ہے جس میں عربی اور انگریزی زبان میں قرآنی آیت درج ہے۔
دوسری جانب زینب جمیل کی جانب سے شوبز چھوڑنے کے فیصلے کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ دن بدن اُن کے فالوورز میں اضافہ ہورہا ہے۔
اس سے قبل زینب جمیل نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا تھا کہ اپنی روحانی نشوونما کے لیے عہد کریں، یہ آسان سفر نہیں ہے کیونکہ شیطان آپ کو آپ کے مقصد سے ہٹانے کے لیے بھرپور کوشش کرے گا۔
زینب جمیل نے کہا تھا کہ اگر آپ اس کا ارتکاب نہیں کرتے ہیں تو آہستہ آہستہ آپ اپنا نقطہ نظر کھو دیں گے اور ان لوگوں کی طرح بات کرنا اور سلوک کرنا شروع کردیں گے جو اپنے خالق کی پرواہ نہیں کرتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ زینب جمیل نے گزشتہ دنوں ہی شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے اپنی تمام زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق گُزارنے کا فیصلہ کیا ہے، زینب جمیل نے اپنے اس فیصلے کا اعلان کا اپنی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا تھا۔
واضح رہے کہ زینب جمیل نے جیو انٹرٹینمنٹ کے متعدد ڈراموں میں کام کیا ہے جن میں خدا اور محبت، سدا سکھی رہو، سُسرال میری بہن کا، منچلی، مل کے بھی ہم نہ ملے اور آپ کی کنیز سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔